اتوار 8 نومبر 2026 - 14:42
آیت اللہ اعرافی کی بحرین حکومت کو سخت تنبیہ؛ علمائے بحرین اور عوام کے حقوق کے دفاع سے پیچھے نہیں ہٹیں گے

حوزہ/ سربراہ حوزہ علمیہ ایران آیت اللہ علی رضا اعرافی نے بحرین میں علماء اور دینی شخصیات کے خلاف حکومت کی پالیسی اور عدالتی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے حکومت بحرین کو خبردار کیا ہے کہ علمائے دین کے حقوق کی پامالی کے سنگین سیاسی اور سماجی نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حوزات علمیہ ایران بحرین کے مظلوم عوام اور ممتاز علمائے دین کے دفاع کے لیے تمام ممکنہ راستے اختیار کریں گے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ علی رضا اعرافی نے بحرین کی حکومت کی جانب سے علمائے دین کے خلاف مبینہ غیر منصفانہ عدالتی کارروائیوں اور سرکوبی کے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے ایک سخت بیان جاری کیا ہے۔

بیان میں انہوں نے کہا کہ عدل و انصاف انبیائے الٰہی کی بنیادی ذمہ داری رہی ہے، لیکن بحرین میں حالیہ اقدامات بنیادی انسانی حقوق اور دینی آزادی کی خلاف ورزی ہیں۔ ان کے مطابق، ان کارروائیوں کا مقصد دینی اور علمی شخصیات کے مقام کو کمزور کرنا ہے۔

آیت اللہ اعرافی نے بتایا کہ 8 فروری 2026 کو بحرین میں 60 سے زائد ممتاز علمی شخصیات، اساتذہ اور حوزات علمیہ کے ذمہ داران کے خلاف عدالتی احکامات جاری کیے گئے، جن پر عمل درآمد کے لیے 8 نومبر 2026 کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے ان عدالتی کارروائیوں کو سیاسی دباؤ اور مذہبی آزادی کو محدود کرنے کا ذریعہ قرار دیا۔

انہوں نے بحرین کی حکومت کو خبردار کیا کہ علمائے دین کے حقوق کی پامالی اور مذہبی معاملات میں مداخلت ملک کو عالمی سطح پر تنہائی کی طرف لے جا سکتی ہے۔ ایسے اقدامات کے سیاسی اور سماجی نتائج بھی سامنے آئیں گے۔

بیان میں امریکہ اور اسرائیل کو اسلامی ممالک میں مذہبی اختلافات اور انتشار پیدا کرنے کی کوششوں کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ امت مسلمہ، علمی مراکز اور دینی شخصیات کو ایسی سازشوں کے مقابلے میں متحد ہونا چاہیے۔

آیت اللہ اعرافی نے بحرین کے ممتاز علمائے دین اور عوام کی حمایت کو سب کی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا کہ حوزات علمیہ اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔

انہوں نے بیان کے اختتام پر واضح کیا کہ بحرین کے عوام اور علمائے دین کے حقوق کے دفاع کے لیے کسی بھی راستے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ اس سلسلے میں قانونی، بین الاقوامی اور اسلامی مراجع کے ذریعے کوششیں جاری رہیں گی۔

انہوں نے تاکید کی کہ اگر غیر منصفانہ عدالتوں میں انصاف فراہم نہیں کیا گیا تو تاریخ اور بارگاہ الٰہی میں ضرور انصاف ہوگا اور قومیں اپنے حقوق، آزادی اور عزت و وقار حاصل کرکے رہیں گی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha